ریاض،1جون(ایجنسی) خلیج تعاون کونسل [جی سی سی] نے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے پیش کردہ معاشی ترقی کے جامع منصوبے کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے شاہ سلمان کے ویژن پر عمل درآمد کے لیے مشترکہ کمیٹی کے قیام سے بھی اتفاق کیا ہے۔
جی سی سی کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف الزیانی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ خلیجی قیادت کی جانب سے شاہ سلمان کے 146ویژن145 کو مکمل اور غیرمتزلزل حمایت حاصل ہے اور تمام خلیجی ممالک اس ویژن کی روشنی میں مشترکہ ایکشن پلان تیار کرنے کی کوشش
کررہے ہیں۔
الزیانی کا کہنا تھا کہ خلیجی تعاون کونسل کے سربراہ اجلاس میں شاہ سلمان کے اقتصادی ترقی کے منصوبے کی حمایت کرتے ہوئے مشترکہ اقتصادی ترقی کے پروگرامات وضع کرنے سے اتفاق کیا گیا ہے۔
عبداللطیف الزیانی نے یہ بات جدہ میں ہونے والے خلیج تعاون کونسل کے سربراہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کہی۔ مشترکہ پریس کانفرنس کے موقع پر سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب شام میں زمینی فوج اتارنے کا مطالبہ کرتا ہے۔